کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) روس نے پاکستان اسٹیل مل کو دوبارہ سے منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے مدد کی پیش کش کردی، 70 کی دہائی میں روس ہی کی مدد سے کراچی میں پاکستان کی سب سے بڑی اسٹیل مل تعمیر کی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان دہائیوں کی دوریاں تیزی سے ختم ہو رہی ہیں۔ روس جہاں پاکستان کو دفاعی شعبے میں تعاون پیش کر رہا ہے،وہیں اب پاکستان کو اقتصادی معاملات میں بھی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ روس نے پاکستان کے اہم ترین ادارے پاکستان اسٹیل مل کو دوبارہ سے منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے مدد کی پیش کش کر دی ہے۔ پاکستان اسٹیل مل اس وقت حکومت کیلئے کھربوں روپے خسارے کا باعث بنی ہوئی ہے، تاہم روس اس ادارے کو حکومت کیلئے منافع بخش ادارہ بنا کر دینے کیلئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل مل 70 کی دہائی میں روس ہی کی مدد سے تعمیر کی گئی تھی۔ تاہم بعد ازاں ملک میں آنے والی حکومتوں نے سیاسی بھرتیوں اور بدانتظامی کے ذریعے پاکستان کیلئے سونے کی چڑیا کہلانے والی پاکستان اسٹیل مل کو مکمل طور پر برباد کردیا۔ اب تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے روس کی مدد سے پاکستان اسٹیل مل کا پہیہ دوبارہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔