کابل(این این آئی)افغانستان نے طالبان سے مذاکرات کیلئے 22 رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو 14 اور 15 اپریل کو قطر میں ہونے والے امن مذاکرات میں حصہ لے گی۔ عالمی میڈیا کے مطابق افغان حکومت نے امن مذاکرات کے لیے عبدالسلام رحیمی کی سربراہی میں 22 اراکین پر مشتمل مذاکراتی ٹیم تشکیل دیدی ہے، مذاکراتی ٹیم 14 اور 15 اپریل کو قطر میں طالبان نمائندوں سے مذاکرات کرے گی۔افغان حکومت کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں امن مذاکراتی ٹیم کے اراکین کا انتخاب کیا گیا جبکہ 37 اراکین پر مشتمل قومی مفاہمتی کونسل کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو اندرونی اور بیرونی اسٹیک ہولڈرز سے ہونے والے مذاکرات کی نگرانی کریگی۔مذاکراتی کمیٹی اور مفاہمتی کونسل مشترکہ طور پر افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور سیاسی مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی اور اس حوالے سے تمام فریقین بشمول پاکستان، سعودی عرب، امریکا اور قطر کی قیادت سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔