اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے ہفتہ وار تعطیل ختم کر دی، عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد 17 اگست بروز ہفتہ کو کسی سرکاری ادارے میں تعطیل نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے عید الاضحی کے فوری بعد 17 اگست بروز ہفتہ کی ہفتہ وار تعطیل ختم کر دی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب
سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد 17 اگست کو کسی بھی سرکاری ادارے میں تعطیل نہیں ہوگی۔17 اگست کو تمام سرکاری ادارے کھلے رہیں گے، اور تمام ملازمین کو اپنی حاضری یقینی بنانا ہوگی۔ وزارت داخلہ نے عید الاضحیٰ کیلئے سرکاری تعطیلات کا نوٹیفیشکن بھی جاری کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیشکن کے مطابق ملک کے تمام سرکاری اداروں میں عید الاضحیٰ کے سلسلے میں 12 اگست بروز پیر سے لے کر 15 اگست بروز جمعرات تک تعطیلات ہوں گی۔جبکہ 16 اگست بروز جمعہ سے تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے۔ حکومت نے جمعہ کے روز سرکاری اداروں میں ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔ دوسری جانب ماہرین فلکیات ،قمر شناس، علم الاعدادو رویت ہلال نے پیش گوئی کی ہے کہ ذی الحج کا چاند 2 اگست بروز جمعہ کی شام نظر آئیگا اور یکم ذی الحج 3 اگست بروز ہفتہ کو ہوگی، جبکہ فرزندان اسلام 12اگست بروز پیر مطابق 10 ذی الحج کو عید قربان منائیں گے۔ماہرین فلکیات نے بتایا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش عالمی معیاری وقت کے مطابق یکم اگست بروز جمعرات جی ایم ٹی/یو ٹی 3بجکر 11منٹ پر اور پاکستانی معیاری وقت کے مطابق جمعرات یکم اگست کی صبح 8بجکر 11منٹ پر ہو گی۔ جمعرات 28ذیقعد یکم اگست کو ایشیاء سمیت اکثر آباد دنیا میں چاند کے احوال انتہائی ناقص ہیں یا معمولی ہیں جس کے باعث پاکستان میں ٹیلی سکوپ سے بھی چاند نظر آنا مشکل ہے۔ بنگلہ دیش ،بھارت اور پاکستان سمیت اکثر آباد دنیا میں کھلی آنکھ سے چاند نظر آنے کا امکان 2اگست بروز جمعہ کو ہے اس سے پہلے نہیں۔